ایک ہسپانوی ریسٹورنٹ جس کا نام لا مافیا سے سینتا اے لا میسا کو اپنا نام تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے کیونکہ اس پر الزام ہے کہ اس نے اطالوی منظم جرائم کو مثبت انداز میں پیش کیا ہے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جب لا مافیا سے سینتا اے لا میسا کے مالکان نے اپنے ریسٹورنٹ کا نام رکھا (جس کا ہسپانوی زبان میں مطلب ہے “مافیا میز پر بیٹھتی ہے” تو غالباً وہ دنیا کی بدنام ترین جرائم پیشہ تنظیموں میں سے ایک کے حوالے سے پیدا ہونے والی سنسنی اور توجہ حاصل کرنے کی توقع کر رہے تھے۔ لیکن انہوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ اس کی وجہ سے پورا ایک ملک ان کے خلاف کھڑا ہو جائے گا۔
یورپین یونین انٹیلیکچول پروپرٹی آفس نے 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ اس ہسپانوی ریسٹورنٹ چین کا نام درست نہیں کیونکہ یہ مافیا کی “عالمی سطح پر مثبت تصویر” پیش کرتا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب اٹلی نے اس نام کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔
تاہم رواں برس کے آغاز میں اسپینش پیٹنٹ اینڈ ٹریڈمارک آفس نے بھی اٹلی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ریسٹورنٹ کو حکم دیا کہ یا تو وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے یا اپنا نام تبدیل کرے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی کوریا ریسٹورنٹ کا تنہا آنے والوں کو کھانا دینے سے انکار
اپنے دفاع میں ریسٹورنٹ چین نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے یہ نام کسی جرائم پیشہ تنظیم سے نہیں بلکہ ایک ریسیپی بُک سے لیا گیا ہے، اور مافیا لفظ اب ایک ثقافتی رجحان بن چکا ہے جو صرف منظم جرائم تک محدود نہیں رہا۔ اس دلیل سے اختلاف کرنا آسان نہیں کیونکہ دنیا بھر میں ہزاروں کاروبار، میوزک گروپس اور گانے ایسے ہیں جن میں “مافیا” کا لفظ استعمال ہوتا ہے، لیکن ہسپانوی حکام نے اس دلیل کو قبول نہیں کیا۔
اپنے فیصلے میں ہسپانوی پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک آفس نے لکھا یہ متنازعہ نام عوامی نظم اور اخلاقیات دونوں کے خلاف ہے۔ یہ نام ایک حقیقی جرائم پیشہ تنظیم سے براہِ راست منسوب ہے جس کی سرگرمیاں ایک مستقل حقیقت ہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا جیسا کہ اٹلی نے نشاندہی کی ہے، اس تنظیم کے عام جرائم میں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ، منظم جرائم، قزاقی، منی لانڈرنگ، سرکاری افسران کو رشوت دینا اور قتل جیسے جرائم شامل ہیں۔
ریسٹورنٹ نے اس فیصلے کو “اسپین میں ایک غیر معمولی فیصلہ” قرار دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس کے خلاف اپیل دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
کمپنی کے ترجمان نے مزید کہا کہ کمپنی نے اس مسئلے پر اٹلی کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اسے اس کا مناسب موقع نہیں مل سکا۔
فی الحال لا مافیا سے سینتا اے لا میسا کے تقریباً 100 کے قریب ریسٹورنٹس اسپین میں کام کر رہے ہیں اور اس چین میں تقریباً 2,500 افراد ملازمت کرتے ہیں۔




















