Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدے پر دستخط

پاکستان اور چین کی چین کے درمیان 75 سالہ دوستی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان اور چین کی چین کے درمیان 75 سالہ دوستی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں تعمیراتی مشینری، حیوانات کی صحت اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے گئے، ان معاہدوں میں مختلف اداروں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس کے علاوہ تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی کے حوالے سے الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سینی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

اس سہ فریقی تعاون کے ذریعے سی پیک سے متعلق منصوبوں میں پیش رفت اور صنعتی تعاون کے فروغ کی توقع ظاہر کی گئی ہے جبکہ فریقین نے پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینی گروپ کے نائب صدر لی چن اور ہاؤ جیالونگ کے چیئرمین نے بھی معاہدے پر دستخط کیے۔

حیوانات کی صحت کے شعبے میں پاکستان میں ویکسینز، خصوصاً منہ کھر کی بیماری کی ویکسین کی فراہمی اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔

 اس معاہدے میں جانوروں کی ٹریک اینڈ ٹریس ایبلٹی سسٹم کے نفاذ کے لیے مستقبل کے تعاون کی شق بھی شامل ہے جبکہ اس معاہدے پر سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن اور لوئیانگ ماڈرن بایولوجی گروپ کے وانگ شانپو نے دستخط کیے۔

تقریب کے دوران میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں ڈاکٹر ضیاءالدین اسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کا مقصد کلینیکل میڈیسن میں جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے تاہم اس معاہدے پر ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور مسٹر ڈینگ ہائی تاؤ نے دستخط کیے۔

واضح رہے کہ تقریب میں معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ علی حسن بروہی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں