محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث کراچی آج سے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آسکتا ہے جبکہ شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں جس کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی اور سمندری ہواؤں کی بندش کے سبب محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔
ادھر سندھ کے بالائی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جہاں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے پیش نظر بچوں، خواتین، بزرگوں اور دیگر حساس افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے، ٹھنڈی جگہوں پر رہنے اور جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔



















