اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت کے لیے اپنی ویب سائٹ پر مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کا آغاز کردیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہتے ہوئے مختلف خدمات سے متعلق فوری رہنمائی فراہم کرے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ جدید چیٹ بوٹ ادارے نے خود تیار کیا ہے جس کا مقصد صارفین کو ڈیجیٹل خدمات تک بہتر اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹ صارفین کے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ ساتھ شکایات کے اندراج، سم رجسٹریشن، موبائل ڈیوائس رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ امور میں بھی رہنمائی فراہم کرے گا۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ یہ نظام 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن دستیاب رہے گا جس کے ذریعے صارفین کسی بھی وقت مطلوبہ معلومات حاصل کرسکیں گے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو جدید ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کرنا اور ریگولیٹری معلومات تک رسائی کو مزید آسان، مؤثر اور صارف دوست بنانا ہے۔
پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ نئے چیٹ بوٹ کی مدد سے صارفین کم وقت میں درست معلومات اور متعلقہ خدمات سے فائدہ اٹھاسکیں گے جس سے عوام اور ادارے کے درمیان رابطے کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔




















