Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیب نے کراچی کے بحریہ آئیکون ٹاورز کا قبضہ سنبھال لیا

100 ارب روپے سے زائد مالیت کی اس جائیداد کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت نیب کی تحویل میں لیا گیا۔

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کراچی میں واقع بحریہ آئیکون ٹاورز کا قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 100 ارب روپے سے زائد مالیت کی اس جائیداد کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت نیب کی تحویل میں لیا گیا جب کہ احتساب عدالت راولپنڈی نے بھی ٹاورز کی ضبطی کی توثیق کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بحریہ آئیکون ٹاورز کو گلیکسی کنسٹرکشن کیس کے سلسلے میں نیب کی ملکیت میں لیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ٹاورز کی تعمیر میں مبینہ طور پر غیر قانونی رقوم کے استعمال کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت راولپنڈی کی جانب سے ضبطی کی توثیق کے بعد نیب نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے بحریہ آئیکون ٹاورز کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پاکستان کی بلند ترین عمارت سمجھے جانے والے بحریہ آئیکون ٹاورز کی انتظامی ذمہ داریاں نیب نے مقامی انتظامیہ کے سپرد کردی ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بحریہ آئیکون ٹاورز کی تحویل اور ضبطی کی کارروائی اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جب کہ اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں