Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کس بلڈ گروپ میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے؟

اس تحقیق میں تقریباً 7,000 مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔

کیا بلڈ گروپ انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو طویل عرصے موضوع بحث بنا ہوا ہے اوراس حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات یا نظریہ بھی موجود نہیں ہے۔

اگرچہ ماضی میں کیے جانے والے کچھ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے افراد جن کا بلڈ گروپ o ہے ان میں ملیریا کے خلاف نسبتاً زیادہ مزاحمت پائی جاتی ہے اسی طرح A بلڈ گروپ میں امراض قلب کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے لیکن یہ شواہد محدود تھے۔

اب چین کے محققین کی ایک ٹیم نے اس موضوع پر اب تک کا سب سے جامع جائزہ پیش کیا ہےجس کے نتائج نہ صرف دلچسپ بلکہ غور طلب بھی ہیں۔

اس نئی تحقیق میں “امبریلا ریویو”   کے تحت 51 منظم تحقیقی جائزوں کا تجزیہ کیا گیا جن میں مختلف بلڈ گروپ جیسے A، B، O، ریسس  بلڈ گروپس اور مختلف بیماریوں کے درمیان 270  ممکنہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج حیران کن تھےتحقیق کے مطابق بلڈ گروپ B رکھنے والے افراد میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ دیگر بلڈ گروپس کے مقابلے میں تقریباً 28 فیصد زیادہ پایا گیا۔

اس تحقیق میں تقریباً 7,000 مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔

اس نئی تحقیق سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ زیادہ تر دعوے کمزور ہیں لیکن بلڈ گروپ B اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے درمیان تعلق مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ بلڈ گروپ B ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہر شخص کو لازماً ذیابیطس ہو جائے گی۔ اس تحقیق کا مقصد صرف خطرے میں اضافے کی نشاندہی کرنا تھا نہ کہ بیماری کی یقینی پیش گوئی۔ ذیابیطس کے خطرے میں طرزِ زندگی، جینیاتی عوامل اور ماحول بھی نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔