Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نہ عمر آڑے آئی نہ مشکلات، 83 سال کی عمر میں خاتون نے پی ایچ ڈی کر کے تاریخ رقم کر دی

تعلیمی حلقوں میں ان کی کامیابی کو غیرمعمولی قرار دیا جا رہا ہے

83 سال کی عمر میں جب اکثر لوگ آرام کی زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں مصر کی ایک خاتون نے کتابیں اٹھا کر دنیا کو بتا دیا کہ خواب پورے کرنے کی کوئی عمر مقرر نہیں ہوتی۔

مصر کی 83 سالہ اَمل اسماعیل عبدو نے سوشیالوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرکے نہ صرف اپنے خواب کو حقیقت بنایا بلکہ ان تمام افراد کے لیے امید کی نئی مثال قائم کر دی جو عمر بڑھنے کے ساتھ اپنے مقاصد ترک کر دیتے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اَمل اسماعیل عبدو کو 5 جولائی کو منصورہ یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی، فیکلٹی آف آرٹس کی جانب سے ان کے تحقیقی مقالے کی کامیاب تکمیل پر پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔

تعلیمی حلقوں میں ان کی کامیابی کو غیرمعمولی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے زندگی کے اس مرحلے پر یہ سنگِ میل عبور کیا جہاں اکثر افراد نئے تعلیمی سفر کا تصور بھی نہیں کرتے۔

اَمل اسماعیل عبدو نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ان تمام لوگوں کے لیے پیغام ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ عمر ان کے خوابوں کے راستے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان جب تک سیکھنے، سوچنے اور محنت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اسے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشش جاری رکھنی چاہیے۔

83 سالہ ڈاکٹر اَمل نے کہا کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اصل طاقت انسان کا عزم، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد ہوتی ہے۔ اللہ پر یقین اور مضبوط ارادے کے ساتھ انسان زندگی کے کسی بھی مرحلے پر اپنی منزل حاصل کر سکتا ہے۔

اَمل اسماعیل عبدو کی کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ تعلیم اور علم کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا، کیونکہ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کے لیے وقت کی نہیں بلکہ حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔