Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلیک ہول مسلسل کیوں بڑھتا رہتا ہے؟ جدید خلائی دوربین نے راز سے پردہ اٹھادیا

کہکشاں کے مرکز میں موجود بلیک ہول اپنے اردگرد سے مادہ اور توانائی خارج کرتے ہیں۔

ماہرین نے جدید خلائی دوربین کی مدد سے دریافت کیا ہے کہ بلیک ہول اپنے اردگرد موجود مادہ دوبارہ اپنی طرف کھینچ کر مسلسل بڑے ہوتے رہتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ہر کہکشاں کے مرکز میں ایک بلیک ہول موجود ہوتا ہے۔ بعض خاموش رہتے ہیں جب کہ بعض اپنے اردگرد سے مادہ اور توانائی خارج کرتے ہیں۔

ماہرین کے لیے یہ بات ایک معمہ تھی کہ مادہ خارج کرنے کے باوجود بلیک ہول مسلسل بڑے کیسے ہوتے رہتے ہیں۔

جدید خلائی دوربین سے کی گئی تحقیق میں ایک دور دراز کہکشاں کے مرکز کے گرد تقریباً 800 نوری سال طویل گیس کی ایک گھومتی ہوئی پٹی دیکھی گئی جو نہایت تیز رفتاری سے حرکت کررہی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیک ہول سے خارج ہونے والی گرم گیس بعد میں ٹھنڈی ہوکر باریک پٹیوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے اور دوبارہ بلیک ہول کی طرف واپس گرنے لگتی ہے۔

اسی عمل سے بلیک ہول کو دوبارہ مادہ ملتا ہے اور وہ مزید بڑا ہوتا رہتا ہے۔

محققین کے مطابق یہ دریافت اس نظریے کو مضبوط بناتی ہے کہ بلیک ہول اپنے اردگرد موجود مادے کو بار بار استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے کائنات میں بلیک ہول کی تشکیل اور ان کی مسلسل بڑھنے کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔