Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مون سون کا طاقتور اسپیل سندھ پہنچ گیا، وزیر اعلیٰ کا اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں، مویشیوں اور عوامی بنیادی ڈھانچے کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ شہریوں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کیے جائیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے 23 سے 25 جولائی کے دوران صوبے کے 23 اضلاع کے لیے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والے طاقتور مون سون ہوائی سلسلے اور بالائی و وسطی علاقوں کو متاثر کرنے والا مغربی موسمی نظام سندھ میں بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

بعض علاقوں میں درمیانی سے موسلا دھار بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مختلف اوقات میں بارشوں کے درمیان وقفے بھی آ سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، آبپاشی حکام، محکمہ صحت، ریسکیو اداروں اور مقامی حکومت کے محکموں کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی ردعمل کی ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں، نکاسی آب کا نظام فعال رکھا جائے نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہری مراکز سمیت حساس مقامات پر خصوصی نظر رکھی جائے۔

مراد علی شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ امدادی سامان، مشینری، آلات اور افرادی قوت کی دستیابی ہر وقت یقینی بنائی جائے، جبکہ تمام محکمے ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی سروسز کے ساتھ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰیار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہرو فیروز اور ٹھٹھہ میں 23 سے 25 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ جنوبی اور وسطی سندھ کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران بادلوں میں اضافے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے سندھ نے ہنگامی انتظامات مزید مؤثر بناتے ہوئے کراچی، جامشورو اور سکھر کے ہنگامی مراکز میں ضروری مشینری، آلات اور افرادی قوت پہلے ہی تعینات کر دی ہے، جبکہ بارش سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے باعث سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سائن بورڈز، کمزور عمارتوں اور عارضی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ادارے نے کاشت کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔