فرانس کے جنوب مغربی علاقوں میں بھڑکنے والی بدترین جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے جرمنی نے ہنگامی مدد فراہم کرتے ہوئے فائر فائٹنگ طیارہ، ہیلی کاپٹر اور امدادی عملہ روانہ کر دیا ہے۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے مسلسل رابطے میں ہیں اور آگ سے متاثرہ علاقوں میں مدد کے لیے جرمنی کی جانب سے فوری امداد بھیجی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ہیلی کاپٹر، اے 400 طیارہ اور ہنگامی امدادی اہلکار فرانس روانہ کیے گئے ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر پھیلنے والی آگ پر قابو پانے میں فرانسیسی حکام کی مدد کی جا سکے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے جرمنی کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مدد دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی عکاس ہے۔
حکام کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقے گیروندے میں بدھ سے جاری آتشزدگی نے اب تک 30 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبہ جلا دیا ہے، جبکہ تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ آگ بورڈو میٹروپولیٹن علاقے کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ پڑوسی علاقے لینڈز میں بھی کئی مقامات پر آگ بدستور بے قابو ہے۔
فرانس کے وزیر داخلہ لوران نونیز کے مطابق رواں سال ملک بھر میں تقریباً 98 ہزار ہیکٹر رقبہ جنگلاتی آگ کی نذر ہو چکا ہے، جو ایک تاریخی ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق بلند درجہ حرارت، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانا فائر فائٹرز کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔



















