Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے ملک میں داخل، کراچی میں یکم تا 2 اگست معتدل بارش کی پیش گوئی

سندھ میں 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہوگا جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق سندھ میں 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کراچی میں یکم اور 2 اگست کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ معتدل درجے کی بارش ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خلیج بنگال میں ایک ڈپریشن تشکیل پا چکا ہے جو اس وقت بھارتی ریاست اڑیسہ کے اوپر موجود ہے۔ محکمہ موسمیات اس ڈپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈپریشن کی آئندہ سمت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم اگر اس نے جنوبی سمت کا رخ کیا تو سندھ، خصوصاً کراچی میں موسلا دھار بارشوں کا امکان بڑھ سکتا ہے۔