لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے جب کہ گفتگو کے دوران ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آزاد کشمیر کی صورتحال اور حالیہ انتخابات سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے جب کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ جاری بیان بازی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ سیاست میں شائستگی ضروری ہے اور تلخیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ سیاست میں اختلاف رائے نظریات کی بنیاد پر ہونا چاہیے، اسے ذاتی انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی بہترین نظام حکومت ہے اور حکمرانی کا حق صرف عوام کو حاصل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے تحفظات ہمیشہ دور کیے ہیں، مسائل کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ممکن ہے جب کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں۔


















