کولمبیا میں آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 132 افراد ہلاک جبکہ 570 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
کولمبیا کے جیولوجیکل سروس کے مطابق 7.4 شدت کا زلزلہ چوکوعلاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 34 منٹ پر آیا، جس کا مرکز سان خوسے ڈیل پالمر گاؤں کے قریب 103 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے ملک کے مغربی حصے میں سیکڑوں میل دور تک محسوس کیے گئے جبکہ کافی پیدا کرنے والے علاقے پریرا شہر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق پریرا کے میٹروپولیٹن علاقے میں کم از کم 67 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 65 عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئیں۔ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
زلزلے کے مرکز کے قریب واقع سان خوسے ڈیل پالمر میں صورتحال حیران کن طور پر مختلف رہی جہاں مقامی میئر کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم علاقے کو جانے والی سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا۔
کولمبیا کے دیگر شہروں میں بھی تباہی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ کیلی شہر میں 32 عمارتیں گرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ منیزالس، کوئبدو، میڈیلین اور وادی دل کاوکا کے علاقوں میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں پریرا کے مرکزی چوک پلازا بولیوار میں ایک عمارت کے منہدم ہونے کے مناظر دیکھے گئے، جہاں ملبہ اور دھول کے بادل چھا گئے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جبکہ بعض علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کرفیو بھی نافذ کردیا گیا ہے۔
زلزلے کے وقت کولمبیا میں موجود برطانوی سیاح ڈین کٹلر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا زلزلہ پہلے کبھی محسوس نہیں کیا، جھٹکے محسوس ہوتے ہی وہ اور ان کی ساتھی فوری طور پر پاجاموں میں ہی ہوٹل سے باہر نکل آئے۔




















