Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں ہنگامی الرٹ جاری

تیز بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ موجود ہے اس لیے شہری احتیاط کریں

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گرم موسمی حالات اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز رفتار پانی کے بہاؤ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے، خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرنے اور محفوظ مقامات تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو بھی خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ تیز بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ موجود ہے اس لیے شہری احتیاط کریں۔ ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں کو خطرے کی علامت سمجھتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے۔

متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔