Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوئس باغبان نے 1 فٹ 8.6 انچ لمبی مرچ اُگا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

یورگ ویزلی نے پہلی مرتبہ اکتوبر 2017 میں 1 فٹ اور 5.7 انچ کی سب سے لمبی مرچ اُگاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا درج کروایا تھا

 سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک باغبان نے 1 فٹ اور 8.6 انچ لمبی مرچ اُگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا انہوں نے یہ اعزاز تیسری مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔

یورگ ویزلی نے پہلی مرتبہ اکتوبر 2017 میں 1 فٹ اور 5.7 انچ کی سب سے لمبی مرچ اُگاکر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا درج کروایا تھا اس مرچ کو انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جونا، سینٹ گیلن میں ہونے والے سبزیوں کے مقابلے میں  پیش کیا تھا۔

تاہم اگلے برس ہی انہوں نے 1 فٹ اور 7.9 انچ لمبی مرچ اگا کر اپنا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وہ ملک جس کے آگے گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی ہاتھ جوڑ لیے

ویزلی کی تازہ ترین مرچ نے انہیں تیسری مرتبہ عالمی ریکارڈ کا حقدار بنا دیا۔ 11 اگست کو اس مرچ کی لمبائی 1 فٹ اور 8.6 انچ ناپی گئی۔

یورگ ویزلی نے گنیز ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مارچ میں بیج گھر کے اندر اگانا شروع کرتا ہوں اور انہیں 28 ڈگری سینٹی گریڈ (82 ڈگری فارن ہائیٹ) درجہ حرارت پر گرو لائٹس کے نیچے رکھتا ہوں انہیں باغ میں منتقل کر دیتا ہوں۔

سوئس باغبان نے مزید کہا کہ میں مٹی کو اچھی طرح تیار کرتا ہوں اور اس میں کافی مقدار میں پختہ نامیاتی کھاد ملاتا ہوں۔ اس کے بعد پودوں کو باقاعدگی سے پانی اور متوازن کھاد کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن کھاد بہت زیادہ نہیں ڈالنی چاہیے! ورنہ پودے مرچوں کے بجائے بہت زیادہ پتے پیدا کرنے لگتے ہیں۔