Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گلابی رنگ کے پراسرار سیارے پر نمک کے بادلوں کا انکشاف

یہ سیارہ اپنی جسامت، درجہ حرارت اور فضا کے باعث دیگر  سیاروں سے مختلف ہے۔

فلکیات کے ماہرین نے ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ گلابی رنگ کے ایک پراسرار سیارے پر نمک سے بنے بادل موجود ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ سیارہ اپنی جسامت، درجہ حرارت اور فضا کے باعث دیگر  سیاروں سے مختلف ہے۔ یہ اپنے سورج جیسے ستارے سے انتہائی دور گردش کررہا ہے اور زمین سے تقریباً ساٹھ نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس سیارے کی کم روشنی اور سرد ماحول کے باعث زمینی دوربینوں سے اس کا تفصیلی مشاہدہ ممکن نہیں تھا تاہم جدید خلائی دوربین کی مدد سے اس کی فضا میں موجود مختلف گیسوں اور بادلوں کا جائزہ لیا گیا۔

ماہرین نے دریافت کیا کہ اس سیارے کی فضا میں نمک سے بنے بادل موجود ہونے کا امکان سب سے زیادہ ہے۔ یہی بادل فضا کی غیر معمولی خصوصیات کی وضاحت کرتے ہیں اور اس کے بغیر حاصل شدہ مشاہدات کی سائنسی تشریح ممکن نہیں تھی۔

تحقیق کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ اس سیارے کی فضا میں پانی کے بخارات، کاربن پر مشتمل گیس، میتھین، امونیا اور ہائیڈروجن سلفائیڈ جیسی گیسز موجود ہوسکتی ہیں جو اسے مزید منفرد بناتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جرم جسامت میں مشتری سے کچھ چھوٹا لیکن کمیت میں اس سے تقریباً پچیس گنا زیادہ ہے جب کہ اس کا درجہ حرارت بھی اسی نوعیت کے دیگر اجسام کے مقابلے میں کافی کم ہے۔

تحقیق کے مطابق اس دریافت سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ جرم ناکام ستارے کے بجائے عام سیاروں کی طرح گرد و غبار کے ایک عظیم بادل سے تشکیل پایا تھا۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ یہ تحقیق کائنات میں موجود سرد اور پراسرار اجرام کو سمجھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جب کہ مستقبل میں اسی طرز کے مزید مشاہدات سے ایسے کئی نئے راز بے نقاب ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں