Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پلمبر کا بینک اکاؤنٹ اچانک نوٹوں سے بھر گیا، ایک ہی رات میں 294 کروڑ کا اضافہ

بودھ گیا پولیس کے مطابق یہ ایک حساس مالیاتی معاملہ ہے

کبھی کبھی قسمت ایسا موڑ لیتی ہے کہ انسان خوشی کے بجائے الجھن میں پڑ جاتا ہے۔ بھارت کی ریاست بہار کے ضلع گیا کے علاقے مست پورہ میں ایک عام پلمبر وکاش کمار کے ساتھ ایسا ہی ناقابل یقین واقعہ پیش آیا ہے جس نے اسے خوش کرنے کے بجائے پریشان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق وکاش کمار کے بینک اکاؤنٹ میں صرف 113 روپے موجود تھے لیکن جب اس نے اچانک اپنا بیلنس چیک کیا تو اس کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں اکاؤنٹ میں 294 کروڑ روپے دکھائے جا رہے تھے۔

یہ غیر معمولی صورتحال دیکھ کر وہ پہلے تو حیران ہوا اور پھر مختلف اے ٹی ایمز اور بینک چینلز سے دوبارہ تصدیق کی، جہاں بھی یہی رقم ظاہر ہو رہی تھی۔

وکاش کمار، جو ایک سادہ پلمبر ہیں اور روزمرہ مزدوری سے اپنی زندگی گزارتے ہیں، اس صورتحال پر سخت ذہنی الجھن کا شکار ہو گئے۔

ان کے مطابق کچھ دیر پہلے ان کے اکاؤنٹ میں ایک گاہک کی بھیجی گئی رقم میں سے 1300 روپے نکالے گئے تھے، جس کے بعد بیلنس صرف 113 روپے رہ گیا تھا، لیکن اس کے بعد اچانک کروڑوں روپے ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔

پریشانی کے عالم میں انہوں نے کوئی بھی رقم استعمال کرنے کے بجائے معاملہ مقامی رہنماؤں اور پولیس تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی رقم کا ان کے اکاؤنٹ میں ہونا کسی بھی صورت ممکن نہیں، اس لیے انہوں نے فوری طور پر حکام کو آگاہ کرنا بہتر سمجھا۔

بودھ گیا پولیس کے مطابق یہ ایک حساس مالیاتی معاملہ ہے جس کی مکمل جانچ جاری ہے۔ بینک ریکارڈز، ٹرانزیکشن لاگز اور تکنیکی سسٹمز کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ اضافہ کسی سسٹم ایرر کا نتیجہ ہے یا کسی ممکنہ فراڈ کی صورت ہے۔

وکاش کمار کا کہنا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ اچانک ان کی زندگی میں یہ عجیب موڑ کیسے آیا۔ ان کے مطابق عام آدمی کے لیے اتنی بڑی رقم خواب کی طرح ہے، لیکن اس صورتحال نے خوشی کے بجائے انہیں شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں