Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جون کا مکمل چاند آج نظر آئے گا، اسے ’’اسٹرابیری مون‘‘ کیوں کہا جاتا ہے؟ دلچسپ وجہ سامنے آگئی

جون کے مکمل چاند کو ’’اسٹرابیری مون‘‘ کہا جاتا ہے، حالانکہ اس کا رنگ عام چاند جیسا ہی ہوتا ہے۔

جون کا مکمل چاند آج آسمان پر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نظر آئے گا۔ اس چاند کو دنیا بھر میں ’’اسٹرابیری مون‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نام کا چاند کے رنگ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ ایک قدیم روایت کی یادگار ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق جون کا مکمل چاند ہر سال خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس کا نام شمالی امریکا کے قدیم قبائل نے رکھا تھا کیونکہ اسی مہینے میں جنگلی اسٹرابیری کے پھل پک کر تیار ہوتے تھے اور ان کی برداشت کا آغاز ہوتا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ جون کے مکمل چاند کو ’’اسٹرابیری مون‘‘ کہا جاتا ہے، حالانکہ اس کا رنگ عام چاند جیسا ہی ہوتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق جون کا مکمل چاند 29 جون کو اپنے عروج پر پہنچے گا۔ اس چاند کو دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جائے گا تاہم اس کی رویت کا وقت ہر ملک اور خطے میں مقامی وقت کے مطابق مختلف ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق چاند تقریباً 29 دن اور 12 گھنٹوں میں زمین کے گرد ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ اس دوران سورج کی روشنی مختلف زاویوں سے چاند پر پڑتی ہے جس کی وجہ سے چاند کی شکل بدلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔

چاند کے اس سفر میں پہلے چاند نظر نہیں آتا پھر باریک ہلال نمودار ہوتا ہے، اس کے بعد آدھا چاند، پھر تقریباً مکمل چاند اور آخر میں مکمل چاند دکھائی دیتا ہے۔ اس کے بعد روشنی دوبارہ کم ہونا شروع ہوجاتی ہے اور چاند مختلف مراحل سے گزرتا ہوا دوبارہ غائب ہوجاتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ جون کے مکمل چاند کے بعد اگلا مکمل چاند 29 جولائی کو نظر آئے گا۔

فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل چاند کا یہ منظر آسمان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ایک خوبصورت موقع ہوتا ہے تاہم ’’اسٹرابیری مون‘‘ کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ چاند کا رنگ سرخ یا گلابی ہوجائے گا بلکہ یہ نام صرف ایک تاریخی اور ثقافتی روایت کی علامت ہے۔