سوشل میڈیا کے اس دور میں بعض اوقات ایسے عجیب و غریب رجحانات دیکھنے کو ملتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے ایسا ہی ایک رجحان روس میں پروان چڑھ رہا ہے جس میں مرد حضرات اپنے قیمتی آئی فون کو توڑ تے ہیں تاکہ وہ پرانا لگ سکے۔
گزشتہ چند دنوں میں روسی سوشل میڈیا خصوصاً ٹک ٹاک پر ایسی بے شمار ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں مرد حضرات اپنے مہنگے آئی فونز کو بلاوجہ نقصان پہنچاتے دکھائی دے رہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ یہ سب ایک آن لائن ٹرینڈ کا حصہ ہے جس میں لوگ اپنے آئی فون کے پچھلے حصے کو توڑتے، اسکریچ لگاتے یا اس میں سوراخ کرتے ہیں تاکہ وہ زیادہ پرانا اور استعمال شدہ دکھائی دے۔
روسی نیوز ویب سائٹ میش کے مطابق اس رجحان کی شروعات ایک اور ٹک ٹاک ٹرینڈ سے ہوئی جس میں خواتین اپنے پرانے اور ٹوٹے ہوئے آئی فونز کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے یہ کیپشن لکھتی تھیں
جب اس کے پاس ایک حقیقی مرد کا ٹوٹا ہوا آئی فون 11 ہو، نہ کہ ایک ‘گے’ کا آئی فون 17 پرو۔
@nillegal_07
رپورٹس کے مطابق مردوں نے اس ٹرینڈ کو سنجیدگی سے لیا اور اپنے بالکل نئے اور صحیح حالت میں موجود آئی فونز کو جان بوجھ کر توڑنا شروع کر دیا تاکہ وہ زیادہ “مردانہ” دکھائی دیں۔ تاہم کئی افراد کے فون اس عمل کے دوران خراب ہو گئے یا مکمل طور پر ناکارہ ہو گئے لیکن اس کے باوجود یہ رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف لائکس اور ویوز حاصل کرنے کے لیے اپنے مہنگے فون کو نقصان پہنچانا نہ صرف غیر دانشمندانہ ہے بلکہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔
آئی فون کے پچھلے شیشے کو توڑنے سے اس کی واٹر ریزسٹنس ختم ہو سکتی ہے جبکہ اگر غلطی سے بیٹری میں سوراخ ہو جائے تو آگ لگنے یا دیگر سنگین حادثات کا بھی خطرہ بڑھ سکتا ہے۔




















