دنیا بھر میں اب تک ایسے کئی ریکارڈ قائم کیے جاچکے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے انہی میں ایک اور ضافہ کرتے ہوئے مہم جوئی کے شوقین افراد نے ایک ہی روز ہزاروں فضائی چھلانگیں لگا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ 43 ممالک میں منعقد ہونے والے عالمی اسکائی ڈائیونگ دن کے موقع پر مجموعی طور پر 31,075 مربوط اسکائی ڈائیوز کی گئیں جس کے ساتھ ایک دن میں سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ فضائی چھلانگوں کا نیا عالمی اعزاز قائم ہو گیا۔
یہ عالمی ایونٹ ہفتے کے روز ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر منعقد کیا گیا، جس کا مشترکہ اہتمام امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے کیا۔
منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کے دوران ایک ہی دن میں 31,075 اسکائی ڈائیوز مکمل کی گئیں، جس کے ساتھ 2024 میں قائم ہونے والا 30,351 اسکائی ڈائیوز کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ایونٹ میں ہر سطح کے مہارت رکھنے والے اسکائی ڈائیورز نے شرکت کی، جن میں پہلی مرتبہ ٹینڈم جمپ کرنے والے افراد بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈ فش نے کار چلا کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برچٹولڈ نے کہا کہ عالمی ریکارڈ اسی لیے بنتے ہیں کہ انہیں بہتر بنایا جا سکے اور انہیں خوشی ہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے ڈراپ زونز میں پہنچ کر اس کھیل کا بھرپور جشن منایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ اس کھیل کی مسلسل ترقی کی علامت اور نئے آنیوالے افراد کو خوش آمدید کہا ہے۔ جبکہ ان تجربہ کار اسکائی ڈائیورز کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے جنہوں نے اسکائی ڈائیونگ کے لیے غیرمعمولی وابستگی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔




















