امریکی ریاست ارکنساس کے شہر جونز بورو میں نصب ایک ٹریفک کیمرے نے ایک ایسا منظر ریکارڈ کیا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس ایک شخص نے مصروف چوراہے پر وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور شخص کی بروقت مدد کر کے حقیقی زندگی کے ہیرو ہونے کا ثبوت دیا۔
جونز بورو پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہیل چیئر پر سوار ایک شخص مصروف سڑک عبور کرنے میں دشواری کا سامنا کر رہا تھا۔ اسی دوران سرخ بتی پر رکی ایک گاڑی سے اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس شخص باہر نکلا اور فوری طور پر معذور شخص کو محفوظ طریقے سے سڑک پار کروانے میں مدد فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسپائیڈر مین نے نئی تاریخ رقم کردی
بعد ازاں معلوم ہوا کہ نقاب پوش شخص کی شناخت کرسٹوفر ہیلنتھل کے نام سے ہوئی جو اپنے کام کی جگہ الٹیمیٹ ایئر ٹرامپولین پارک میں سپر ہیرو ڈے کے سلسلے میں اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ہوئے تھے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹوفر ہیلنتھل نے بتایا، “میں نے سوچا کہ چونکہ میں اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ہوئے ہوں، اس لیے یہ کام مجھے ہی کرنا چاہیے۔ میں فوراً گاڑی سے اترا اور انہیں جلدی سے سڑک پار کروا دیا تاکہ کسی بھی قسم کا حادثہ پیش نہ آئے۔ خوشی کی بات یہ تھی کہ تمام ڈرائیوروں نے بھرپور تعاون کیا اور کسی نے ہارن بھی نہیں بجایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں ان کی تیزی کی وجہ یہ تھی کہ جیسے ہی وہ گاڑی سے باہر نکلے، ٹریفک سگنل تبدیل ہونے والا تھا، اس لیے انہوں نے فوری کارروائی کی۔ کرسٹوفر ہیلنتھل کے مطابق انہیں اس وقت تک معلوم نہیں تھا کہ ان کی یہ مختصر مگر انسان دوست کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔



















