Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

اداکار نے فہد مصطفیٰ کی مقبولیت سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے

پاکستانی اداکار اور سپر ماڈل عماد عرفانی نے معروف اداکار فہد مصطفیٰ کی غیر معمولی مقبولیت کے بارے میں دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک حالیہ ایک انٹرویو میں عماد عرفانی نے کہا کہ اگر موجودہ دور میں پاکستان میں کسی کو حقیقی سپر اسٹارڈم حاصل ہے تو وہ فہد مصطفیٰ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میری فہد مصطفیٰ کے ساتھ قریبی دوستی ہے اور ہم دونوں نے ایک مقبول ڈرامے میں ایک ساتھ کام بھی کیا ہے۔ شوٹنگ کے دوران ایک سین کراچی سینٹرل جیل میں فلمایا جا رہا تھا جہاں میں نے فہد مصطفیٰ کی مقبولیت کا ایک منفرد منظر دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران ہر چند منٹ بعد جیل کا عملہ صرف فہد مصطفیٰ کو دیکھنے اور ان سے ملاقات کے لیے آتا رہا کیونکہ وہاں موجود زیادہ تر لوگ ان کے مداح تھے۔

عماد عرفانی نے بتایا کہ ایک منظر کے دوران جب فہد مصطفیٰ جیل کے اندر سے گزر رہے تھے تو قیدی بھی اپنے سیلز سے ان کے لیے تالیاں بجارہے تھے اور ان کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تجربے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ فہد مصطفیٰ کی مقبولیت ہر طبقے تک پھیلی ہوئی ہے اور وہ آج کے دور کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں شمار ہوتے ہیں۔

متعلقہ خبریں