Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں پہلی بار کار ٹی سیل تھراپی کامیاب، جدید علاج میں اہم پیش رفت

کارٹی سیل تھراپی خون کے بعض اقسام کے کینسر کے علاج کے لیے جدید طریقہ علاج تصور کیا جاتا ہے

پاکستان نے جدید طبی میدان میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار کار ٹی سیل  تھراپی کامیابی سے انجام دے دی ہے۔

مسلح افواج کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ کار ٹی سیل تھراپی کامیابی سے مکمل کی گئی جس کے بعد 21 سالہ مریض صحت یابی کی جانب گامزن ہے۔

ادارے کے مطابق آرمی میڈیکل کور کے ماہرین نے برسوں کی تحقیق اور تیاری کے بعد اس جدید علاج کو پاکستان میں کامیابی سے متعارف کرایا، علاج کے دوران مریض اور اس کے اہل خانہ نے بھی بھرپور تعاون اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔

کارٹی سیل تھراپی خون کے بعض اقسام کے کینسر کے علاج کے لیے جدید طریقہ علاج تصور کیا جاتا ہے جس میں مریض کے اپنے مدافعتی خلیات کو تبدیل کر کے کینسر کے خلاف مؤثر بنایا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان میں جدید کینسر علاج کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں ایسے مریضوں کو ملک کے اندر ہی جدید علاج کی سہولت میسر آ سکے گی۔