Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی لائبریری میں ایک ہزار سال پرانا قرآنی مخطوطہ دریافت

یہ مخطوطہ چوتھی صدی ہجری سے تعلق رکھتا ہے اور یہ 23 ورقوں پر مشتمل ہے۔

ریاض: شاہ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے ابتدائی اسلامی اسکالر ابو عبیدہ معمر ابن المثنیٰ کے تحریر کردہ ایک نایاب مخطوطے کی نقاب کشائی کی ہے۔

یہ مخطوطہ ’’غرائب القرآن‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور تقریباً ایک ہزار سال پرانا ہے جب کہ یہ مخطوطہ چوتھی صدی ہجری سے تعلق رکھتا ہے اور یہ 23 ورقوں پر مشتمل ہے۔

اس مخطوطے میں ہر ورق کی پیمائش 17 بائی 22 سینٹی میٹر ہے۔ متن واضح اندلسی رسم الخط میں لکھا گیا ہے جب کہ قرآنی سورتوں کے نام کوفی رسم الخط میں درج ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ مخطوطہ قرآنی علوم پر ایک غیر مطبوعہ کام ہے جو قرآن اور اسلامی تعلیمات کی تاریخی تحقیق میں ایک قیمتی اضافہ ہے۔

لائبریری حکام کے مطابق ادارے میں قرآنی تفسیر، لسانیات اور قرات سے متعلق کئی صدیوں پر محیط نایاب مخطوطات کا اہم ذخیرہ موجود ہے۔

اس مجموعے میں ابو اسحاق الزجاج اور ابن قتیبہ الدینوری جیسے معروف اسکالرز کے کام شامل ہیں، نیز چھٹی صدی ہجری میں نقل کردہ تفسیر الطبری کے کچھ حصے بھی موجود ہیں۔

مجموعی طور پر اس ذخیرے میں قرآنی تفسیر پر 185 سے زائد نایاب مخطوطات ہیں، اس کے علاوہ قرات، گرامر اور تفسیر پر سیکڑوں متون بھی شامل ہیں۔

لائبریری کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وسیع تراثی ذخیرے کو ظاہر کرنا چاہتی ہے جس میں مخطوطات، تاریخی دستاویزات، تصاویر، سکے اور نوادرات شامل ہیں۔

حکام کا منصوبہ ہے کہ وہ تعلیمی تحقیق کی حمایت اور اسلامی فکری تاریخ کے گہرے مطالعے کی حوصلہ افزائی کے لیے ان مواد تک رسائی کو بڑھائیں گے۔

متعلقہ خبریں