Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بجٹ پر پیپلزپارٹی اور حکومت میں ڈیڈ لاک برقرار، بلاول بھٹو نے خود مذاکرات کا فیصلہ کرلیا

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔

اسلام آباد: آئندہ وفاقی بجٹ کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی اور حکومت کے درمیان اختلافات برقرار ہیں جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بجٹ پر حکومت سے خود مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے پارٹی کی بجٹ کمیٹی کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا ہے جب کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان سے واپسی کے بعد حکومت کے ساتھ براہِ راست بات چیت کریں گے۔ پیپلزپارٹی نے حکومت کو بلاول بھٹو کے اس فیصلے سے آگاہ بھی کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے جب کہ وہ حکومتی بجٹ ٹیم کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس عمل میں وزیراعلیٰ سندھ اور پارٹی کی بجٹ کمیٹی بلاول بھٹو کی معاونت کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو 6 جون کو گلگت بلتستان سے اسلام آباد واپس پہنچیں گے جس کے بعد بجٹ پر اہم سیاسی رابطوں کا آغاز متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے مطالبے پر حکومت نے بجٹ پیش کرنے کی تاریخ آگے بڑھائی تھی۔ بلاول بھٹو نے حکومت کو گلگت بلتستان کے انتخابی مرحلے کے دوران بجٹ پیش نہ کرنے کا پیغام دیا تھا اور اس معاملے پر اپنی ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو بجٹ میں نئے ٹیکسز، پیٹرولیم لیوی اور سرکاری ترقیاتی پروگرام میں صوبوں کے حصے سے متعلق تحفظات ہیں۔ پارٹی مزید ٹیکسوں کے نفاذ اور پیٹرولیم لیوی میں اضافے کی مخالفت کررہی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ سرکاری ترقیاتی پروگرام میں صوبوں کے حصے کو مناسب اہمیت دی جائے تاہم حکومت اب تک ان معاملات پر پیپلزپارٹی کو مطمئن نہیں کرسکی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ سے متعلق اہم نکات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے آئندہ چند روز میں حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات متوقع ہیں۔

متعلقہ خبریں