گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات کے دوران فارم 45 کی عدم فراہمی کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی نے سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسن بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابات کے دوران ان کی جماعت کو مطلوبہ فارم 45 فراہم نہیں کیے جا رہے جس پر تشویش بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نمائندوں کو بعض مقامات پر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ فی الحال وہاں سے چلے جائیں۔
نیئر بخاری کے مطابق اس صورتحال سے متعلق فوری طور پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا گیا ہے اور معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات مجموعی طور پر پرامن ماحول میں منعقد ہوئے ہیں تاہم موجودہ صورتحال اگر برقرار رہی تو انتخابی ماحول متاثر ہو سکتا ہے جس سے بچنا ضروری ہے۔
پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور تمام جماعتوں کو انتخابی عمل کے تحت مکمل دستاویزات تک رسائی یقینی بنائے تاکہ شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھ سکے۔
















