کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، آج کا جلوس حضرت امام حسینؓ کے لشکر کے علمدار حضرت عباسؓ کی شہادت کی مناسبت ہے۔
جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس میں کربلا کے شہدا کی لازوال قربانی اورفلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ آٹھ محرم الحرام کا جلوس سادات امروہہ کی جانب سے برآمد کیا جائے گا۔
نشتر پارک میں صبح 11 بجے مجلس عزاء برپا کی جائیگی، خطیب پاکستان معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی مجلس سے خطاب کریں گے۔
جلوس دوپہر 12 بجے تک ابوالحسن اسکاؤٹ اور امروہہ اسکاؤٹس کی رہنمائی میں برآمد ہوگا جلوس شاہنواز بھٹو سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ مرکزی نمائش چورنگی پہنچے گا جہاں مام بارگاہ علی رضا کے سامنے تقریباً ڈیڑھ بجے نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔
جلوس میں شامل عزادار شہدائے کربلا کی یاد میں ماتم کرتے ہوئے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع حسینہ ایرانیان پراختتام پذیر ہوگا۔
دوسری جانب کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق 8 محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر میں 5,000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے مرکزی جلوسوں کے راستوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری، ریزرو فورس، اسنائپرز اور سرچ و سویپ آپریشنز کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔















