Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ گل پلازہ: چالان پراسیکیوشن کو جمع، آتشزدگی حادثاتی قرار

فرانزک رپورٹ میں کسی بھی قسم کے دھماکہ خیز مواد کے شواہد نہیں ملے

کراچی: سانحہ گل پلازہ کیس میں پولیس نے مقدمے کا چالان پراسیکیوشن کے پاس جمع کرا دیا ہے جبکہ تحقیقاتی رپورٹ میں آتشزدگی کو حادثاتی قرار دیا گیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ میں کسی بھی قسم کے دھماکہ خیز مواد کے شواہد نہیں ملے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آگ کی ابتدا دکان نمبر 193 سے ہوئی۔

پولیس نے دکان کے مالک نعمت اللہ کو مقدمے میں ملزم نامزد کیا ہے جبکہ ان کے 11 سالہ بیٹے حذیفہ کو بھی نامزد ملزمان میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گل پلازہ کمیٹی کے صدر تنویر پاستا، نائب صدر عمار اسماعیل، جنرل سیکریٹری محمد امین اور جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان کو بھی مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے تمام نامزد ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گل پلازہ آتشزدگی کے نتیجے میں 72 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ چار لاشوں کی باقیات تاحال کسی نے وصول نہیں کیں۔

تحقیقات کے دوران چار عینی شاہدین کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے جنہیں چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں