کراچی: محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے لیے طلبہ کے داخلوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت داخلے کے ریکارڈ میں نادرا سے جاری کردہ بی فارم کو لازمی دستاویز قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ سرکاری مراسلے کے مطابق طلبہ کے داخلوں کو نادرا کے ریکارڈ سے منسلک کرنے کے لیے صوبہ بھر میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت داخلے کے وقت برتھ سرٹیفکیٹ اور نادرا سے جاری بی فارم داخلہ ریکارڈ کا لازمی حصہ ہوں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے مطابق ہر طالب علم کی منفرد ڈیجیٹل شناخت نادرا کے بی فارم کے ذریعے قائم کی جائے گی، جس سے طلبہ کا ریکارڈ زیادہ مستند اور شفاف بنایا جا سکے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی بچے کے پاس داخلے کے وقت بی فارم موجود نہ ہو تو اس کا داخلہ روکا یا مؤخر نہیں کیا جائے گا۔ ایسے والدین کو مقررہ مدت کے اندر بی فارم جمع کرانے کی مہلت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نیا نظام طلبہ کے مستند ڈیٹا کی تیاری، اسکول مردم شماری، آؤٹ آف اسکول بچوں کی درست نشاندہی اور غیر قانونی اندراجات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ نادرا سے منسلک ریکارڈ رکھنے والے طلبہ مستقبل میں مختلف سرکاری اور شہری سہولیات تک آسان رسائی بھی حاصل کر سکیں گے۔

















