سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ایک بڑی ممکنہ تباہی سے بچا لیا۔
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کےعلاقے وانا (غواخوا) میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔
سیکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کے لیے تیارگاڑی کی مسلسل تین دن نگرانی کی اور آبادی سے دور جانے پر ہی اسے نشانہ بنایا، کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ جبکہ ایک خارجی جہنم واصل اور5 زخمی ہوئے۔
دہشت گردی کے خلاف یہ کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

















