بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کا معرکہ حق اور پاک فوج سے متعلق ایک بار پھر متنازعہ بیان سامنے آگیا۔
نورین نیازی نے ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ ’’معرکۂ حق افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا گٹھ جوڑ تھا‘‘۔
انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ کرنے سے گریز کیا کیونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جارہا تھا۔
ماہرین کے مطابق نورین نیازی کے الفاظ، لب و لہجے اور مؤقف سے بانی پی ٹی آئی کے اس بیانیے کی جھلک ملتی ہے جسے وہ ذاتی مفادات سے جوڑتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات قومی یکجہتی اور ملکی سالمیت سے متعلق حساس معاملات پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں جب کہ ذاتی مفادات کے حصول کے لیے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کا تاثر بھی پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نورین نیازی کا یہ بیان پی ٹی آئی کے اس مؤقف سے متصادم دکھائی دیتا ہے جس میں ماضی میں فوج سے متعلق مختلف دعوے کیے جاتے رہے ہیں اور اس سے اس بیانیے کی حقیقت بھی سوالات کی زد میں آتی ہے۔
ماہرین مزید کہتے ہیں کہ نورین نیازی کے اس بیان کو بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف اپنے بیانیے کو تقویت دینے کے لیے استعمال کرسکتا ہے جس سے پاکستان کے مؤقف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

















