لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مؤقف دراصل بانی پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جب کہ پاکستان کی کامیابیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو پاکستان کی ہر کامیابی سے تکلیف ہوتی ہے۔ پوری دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے ’’معرکۂ حق‘‘ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی لیکن اس کے باوجود نورین نیازی کا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حق میں بات کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی تینوں بہنیں یا تو خود کو دنیا کی سب سے عقل مند شخصیات سمجھتی ہیں یا پھر ان کا طرزِ عمل انتہائی غیر سنجیدہ ہے۔
عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ پاک فوج کی کامیابیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور ’’معرکۂ حق‘‘ میں افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامے انجام دیے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی اپنی بہادر افواج پر فخر کرتا ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی کی جانب سے پاکستان کے لیے کبھی کوئی مثبت کردار سامنے نہیں آیا۔

















