Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یومِ الحاقِ پاکستان؛ وزیراعظم کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

19 جولائی 1947 کی تاریخی قرارداد کی یاد میں ہر سال یومِ الحاقِ پاکستان منایا جاتا ہے۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی، سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ الحاقِ پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 19 جولائی 1947 کی تاریخی قرارداد کی یاد میں ہر سال یومِ الحاقِ پاکستان منایا جاتا ہے جو کشمیری عوام کی اجتماعی سیاسی امنگوں کی حقیقی عکاس تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور جغرافیے کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اسی لیے پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا غیر حل شدہ تنازع خطے کے امن و سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کررہا ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل سے مشروط ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہوسکے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی جرات، استقامت اور اپنی جائز جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑا رہے گا جب تک انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حقِ خودارادیت استعمال کرنے کا موقع نہیں مل جاتا۔

متعلقہ خبریں