Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ

پاکستان اور کینیڈا نے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دونوں ممالک نے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مشترکہ اعلامیے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رہے ہیں، اسحاق ڈار

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین وزیرخارجہ انیتا آنند کا اسلام آباد آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں، سوئٹزرلینڈ میں بھی ہماری ملاقات ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان فعال سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اور کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کےدرمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے، کینیڈین وزیرخارجہ کا دورہ تعلقات کو نئی جہت اور رفتار دے گا۔

پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، کینیڈا

دوسری جانب کینیڈین وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستانی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد شہری آباد ہیں، پاکستان اور کینیڈا کو مشترکہ طور پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں