راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان، کینیڈا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔
فیلڈ مارشل نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور باہمی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا جب کہ انہوں نے امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



















