کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفینس فیز 6 میں فوڈ ڈیلیوری رائڈر پر ہاکی اسٹک سے تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فوڈ ڈیلیوری رائڈر کو ہاکی اسٹک سے تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کو بدر کمرشل کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزم سے استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے جب کہ اس سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر دوسرے شہر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
پولیس نے بتایا کہ زیر حراست ملزم کی شناخت 47 سالہ حسیب الہادی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ متاثرہ فوڈ ڈلیوری رائڈر سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں خیابانِ شہباز سگنل پر پیش آیا تھا، جہاں موٹر سائیکل اور کار کے درمیان تصادم کے بعد کار سوار شخص نے مشتعل ہوکر فوڈ ڈیلیوری رائڈر پر ہاکی اسٹک سے حملہ کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے نہ صرف رائڈر کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ہاکی اسٹک کے وار کرکے اس کی موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچایا۔
واقعے کے دوران وہاں موجود شہری مشتعل کار سوار کو روکنے میں ناکام رہے جب کہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد واقعے نے عوامی توجہ حاصل کرلی۔

















