کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعدد اضلاع میں اربن فلڈنگ، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں پر کم دباؤ کا ایک نظام موجود ہے جب کہ بحیرہ عرب سے آنے والی نم آلود مون سون ہوائیں سندھ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جس کے باعث صوبے میں بارشوں کا اسپیل متوقع ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور، دادو اور گرد و نواح کے علاقوں میں 27 جولائی تک مختلف اوقات میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جب کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور درختوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر کا موسم زیادہ تر گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ شہر کے دیگر حصوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمے کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جب کہ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔



















