حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت اور نجی شعبہ مسافروں اور مقامی رہائشیوں کی مدد کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔
ایران سے متعلق موجودہ صورتحال کے باعث یو اے ای میں پھنس جانے والے مسافروں سمیت متاثرہ افراد کے لیے ہوٹلوں میں مفت رہائش اور فری کھانے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ مسافروں کے قیام اور کھانے پینے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ اندازاً 20 ہزار سے زائد افراد اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد ہوٹلوں اور نجی کمپنیوں نے اپنے خالی کمرے مفت رہائش کے لیے مختص کر دیے ہیں، جبکہ کچھ کمپنیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی مسافروں کو عارضی رہائش کی پیشکش کی ہے۔
حکومت نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ایئر لائنز اور متعلقہ ہوٹل انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور معلومات صرف سرکاری و آفیشل ذرائع سے حاصل کریں تاکہ افواہوں سے بچا جا سکے۔
متحدہ عرب امارات میں یہ اقدامات موجودہ غیر یقینی صورتحال کے دوران مسافروں اور رہائشیوں کو آرام، تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں، جسے انسانی ہمدردی اور بروقت حکومتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔




















