امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر مجوزہ معاہدہ پایۂ تکمیل تک نہ پہنچ سکا تو آبنائے ہرمز میں ٹول ٹیکس عائد کرنے کا اختیار صرف امریکا کے پاس ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران آئندہ 60 روز تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر کسی قسم کا ٹول یا اضافی محصول عائد نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 60 روزہ مدت کے اختتام کے بعد بھی ٹول ٹیکس نافذ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تاہم اگر مستقبل میں ایسی کوئی ضرورت پیش آئی تو یہ اقدام صرف امریکا کی جانب سے کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ممکنہ طور پر حاصل ہونے والی آمدن مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام اور سیکیورٹی کے اقدامات پر خرچ کی جائے گی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔



















