Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران نے ایٹمی پروگرام بحال کیا تو اسرائیل دوبارہ حملہ کرے گا، ایلی کوہن

اسرائیلی وزیر نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی فوجی صلاحیت پہلے ہی ثابت کرچکا ہے

اسرائیل نے ایران کے خلاف ایک اور ممکنہ کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی بھی معاہدے کی صورت میں بھی ایران کے جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام کی بحالی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے ہفتے کے روز اسرائیلی خبررساں ادارے  کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام یا بیلسٹک میزائل منصوبے کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی تو اسرائیل ایک بار پھر کارروائی کرے گا۔

ایلی کوہن کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ ہوجانے کے باوجود اسرائیل ایران کی جانب سے جوہری یا میزائل پروگرام کی بحالی کی صورت میں حملے سے گریز نہیں کرے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف کارروائی نہ کی ہوتی تو تہران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس کے جائزے کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیوں سے ایران کا جوہری پروگرام دو سے چار سال تک پیچھے چلا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی فوجی صلاحیت پہلے ہی ثابت کرچکا ہے اس لیے ایران کی جانب سے جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں