Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھکر: داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید، 1 زخمی

ہر جوان ملک دشمن عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے، آئی جی پنجاب

بھکر کے علاقے داجل میں قائم بین الصوبائی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

حملہ آور نے چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا اور اہلکار نشانہ بنے۔

شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل فہیم عباس اور کانسٹیبل شہباز مدنی شامل ہیں جب کہ کانسٹیبل ارشد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی نے ملک و قوم کے تحفظ کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے یہ بہادر سپاہی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے جب کہ آئی جی پنجاب نے شہداء کے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بہترین ویلفیئر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جب کہ انہوں نے زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان ملک دشمن عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن دشمنوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں