انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے، جس نے شائقین کرکٹ کو سخت مشتعل کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور دعوؤں نے لیگ کے ٹاس کے عمل کو مشکوک بنا دیا ہے، جس پر کرکٹ حلقوں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔
حال ہی میں ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ سے جڑی ایک ویڈیو نے آگ بھڑکا دی، جس میں ٹاس کے دوران سکہ گرنے کے لمحے کیمرہ زاویہ بدل دیا جاتا ہے اور نتیجہ واضح طور پر دکھائی نہیں دیتا۔ اس منظر نے شائقین کو شکوک میں مبتلا کر دیا اور فکسڈ ٹاس کا بیانیہ تیزی سے پھیلنے لگا۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق ٹاس محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ میچ کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوتا ہے، اور اگر اس میں شفافیت پر سوال اٹھیں تو پورے ٹورنامنٹ کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر فاف ڈو پلیسی کی ایک پرانی ویڈیو بھی دوبارہ گردش میں آ گئی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر پیٹ کمنز سے ٹاس کے متنازع فیصلے پر گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس نے اس بحث کو مزید ہوا دے دی ہے۔
اگرچہ لیگ حکام نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹاس کا عمل مکمل طور پر شفاف اور قواعد کے مطابق ہوتا ہے، تاہم شائقین کا کہنا ہے کہ بار بار سامنے آنے والے ایسے واقعات اعتماد کو مجروح کر رہے ہیں۔




















