Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا امریکا کی جنگی طاقت صرف دکھاوا رہ گئی؟ اندرونی راز نے واشنگٹن میں ہلچل مچا دی

اگر اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو ایران کے خلاف امریکی حکمت عملی متاثر ہو سکتی ہے

دنیا کو اپنی فوجی طاقت کا یقین دلانے والا امریکا خود ایک ایسے سوال کے سامنے کھڑا دکھائی دے رہا ہے جس نے واشنگٹن کے طاقتور حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

اندرونی ذرائع کے مطابق امریکی دفاعی نظام کے اندر ایسی معلومات گردش کر رہی ہیں جن سے اشارہ ملتا ہے کہ اہم میزائل ذخائر توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس صورتحال کی مکمل تصویر اعلیٰ قیادت تک نہیں پہنچ رہی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف مزید سخت کارروائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، لیکن اسی دوران پینٹاگون کے اندر یہ بحث زور پکڑ رہی ہے کہ اگر جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو امریکا کو اپنے دفاعی وسائل کے حوالے سے غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بعض حساس انٹرسیپٹر میزائلوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار نے اعتراف کیا کہ موجودہ صورتحال میں طویل اور محفوظ فوجی کارروائی جاری رکھنا پہلے جیسا آسان نہیں رہا جبکہ وائٹ ہاؤس کو اصل صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ نہ کیے جانے کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو نہ صرف ایران کے خلاف امریکی حکمت عملی متاثر ہو سکتی ہے بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کا توازن بھی بدل سکتا ہے۔

اسی تناظر میں برطانیہ اور جرمنی میں موجود امریکی اڈوں سے مزید لڑاکا طیاروں اور معاون فضائی وسائل کی مشرقِ وسطیٰ روانگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

دفاعی ماہرین یاد دلاتے ہیں کہ رواں برس شائع ہونے والی مختلف رپورٹس میں خبردار کیا گیا تھا کہ مسلسل فوجی کارروائیوں کے باعث جدید میزائلوں کے ذخائر پر شدید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

 اب یہی خدشات دوبارہ موضوعِ بحث بن گئے ہیں خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اگر اسلحے کی کمی برقرار رہی تو امریکا کے لیے کسی بھی بڑے فوجی محاذ پر بیک وقت مؤثر کارروائی کرنا پہلے سے زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ واشنگٹن کے اندر اب صرف ایران نہیں بلکہ امریکی عسکری تیاری کی حقیقی صلاحیت بھی ایک اہم سوال بنتی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں