آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک ٹاؤن کرائر نے اپنی غیر معمولی اور گرجدار آواز کے ذریعے دنیا بھر میں منفرد ریکارڈ قائم کرتے ہوئے عالمی توجہ حاصل کر لی ہے انہوں نے 122.4 ڈیسیبلز پر چیخ کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔
خیا رہے کہ ٹاؤن کرائر (ٹاؤن کونسل کا ملازم ہوتا ہے جو عوام میں آفیشل اعلانات کرتا ہے۔
جوزف مک گریل-بیٹ اپ (جو لارڈ جوزف کے نام سے بھی معروف ہیں اور کینبیرا اور گوئنبیان کے سرکاری ٹاؤن کرائر ہیں) نے بتایا کہ ان کی آواز ہمیشہ سے اتنی طاقتور نہیں تھی۔
انہوں نے کہاکہ بچپن میں ان کی آواز زیادہ بلند نہیں تھی۔ وہ بہت شرمیلے تھے اور خود کو دوسروں کے سامنے ظاہر نہیں کرتے تھے۔ لیکن اسکول چھوڑنے کے بعد جب وہ تھیٹر میں شامل ہوئے تو انہیں احساس ہوا کہ اپنی آواز بلند کرنا اور خود کو نمایاں کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے تھیٹر میں باقاعدہ تربیت حاصل کی، جہاں مائیکروفون استعمال نہیں ہوتے تھے۔ وہاں انہوں نے بلند آواز میں بولنا سیکھا، اور وقت گزرنے کے ساتھ ان کی آواز مزید طاقتور ہوتی گئی۔
جوزف مک گریل-بیٹ اپ کو 2017 میں ٹاؤن کرائر مقرر کیا گیا تھا جبکہ 2022 سے انہوں نے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ ان مقابلوں کے دوران انہوں نے اپنی آواز کی طاقت کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
2024 میں ہونے والے ایک مقابلے میں انہوں نے 98 ڈیسیبل کی گونج کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے بعد ان کی کارکردگی مزید بہتر ہوئی اور بالآخر 122.4 ڈیسیبل کی چیخ کے ساتھ انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ماہرین کے مطابق یہ کارنامہ انسانی آواز کی غیر معمولی صلاحیتوں کی ایک دلچسپ مثال ہے۔




















