وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ نے مالی سال 2026-27 کا فنانس بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد بجٹ کے نفاذ کے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجٹ کی منظوری پارلیمانی بحث اور قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات کے تفصیلی جائزے کے بعد دی گئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق اب حکومت کی توجہ معاشی اصلاحات کے عملی نفاذ پر مرکوز ہے۔
بیان میں برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیا گیا ہے جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ بتایا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم برقرار ہے اور کاروباری برادری کی تجاویز کو بجٹ سازی میں اہم حیثیت دی گئی ہے۔ چیمبرز، صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کے تعاون کو بھی سراہا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت معاشی استحکام کے ذریعے پائیدار ترقی کے تسلسل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ بجٹ کی منظوری کے بعد اصلاحات کے عمل میں مزید تیزی لانے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور معیشت میں مسابقت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بہتری کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔














