Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آج سے 23 جولائی تک اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری

گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کا خطرہ۔

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے آج سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔

گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب جب کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع کے برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے جب کہ ادارے کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درمیانے درجے کے خطرات موجود ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مظفرآباد، باغ، کہوٹہ اور بھمبر کی اہم شاہراہوں پر مٹی کے تودے گرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے لہٰذا مسافر اور سیاح پہاڑی راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب انتہائی احتیاط برتیں۔

این ڈی ایم اے نے 17 سے 23 جولائی تک پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ بلوچستان کے علاقے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو، جعفرآباد اور ملحقہ اضلاع کے برساتی نالے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

الرٹ کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ان سے منسلک ندی نالوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شہری سیلاب کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔

ادارے کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے اور زیر آب آنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی مشینری اور امدادی ٹیمیں الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مستند معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔