یمن کی حوثی اکثریتی جماعت انصاراللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے، دونوں ٹینکر بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر کر رہے تھے۔
انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بحری کارروائی ان جہازوں کے خلاف کی گئی جو متعدد انتباہات کے باوجود اپنی منزل کی جانب بڑھتے رہے۔ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے کے ردعمل میں کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم تمام عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بھی اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور ایک جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
ٹینکر کے کپتان کے مطابق آگ میزائل لگنے کے باعث بھڑکی تاہم اس واقعے کے نتیجے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حوثی تحریک انصاراللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔
تنظیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ یمن پر عائد محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کے جواب میں سعودی بحری نقل و حمل کو نشانہ بنایا جائے گا۔




















