اسلام آباد: امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان رایان زِنکے اور مائیکل بومگارٹنر نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی روابط اور مستقبل میں تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔
دورے کے دوران امریکی وفد نے اسلام آباد میں واقع لوک ورثہ میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافتی ورثے، مختلف زبانوں اور علاقائی تنوع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد نے پاکستان مانیومنٹ کا بھی رخ کیا اور تحریکِ پاکستان کی تاریخ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکی ارکانِ کانگریس نے قومی ورثے اور تاریخی پس منظر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر امریکی قانون سازوں نے خلیجی بحران کے دوران پاکستان کے مثبت، متوازن اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
کانگریس کے رکن مائیکل بومگارٹنر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ عوامی روابط، تجارتی تعاون اور مسلسل سفارتی رابطے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کو مضبوط بنارہے ہیں۔
امریکی وفد اسلام آباد میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد لاہور کا بھی دورہ کرے گا، جہاں ارکانِ کانگریس تاریخی مقامات کا معائنہ کرنے کے ساتھ مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

















