نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، سفارتی کوششوں اور امن کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور رافیل گروسی نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور تعمیری روابط کے تسلسل کو انتہائی اہم قرار دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ عالمی امن کے لیے مؤثر کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
رافیل گروسی نے کہا کہ پُرامن اور دیرپا حل کے حصول کے لیے بات چیت کا عمل ناگزیر ہے اور تمام فریقین کو سفارتی راستے اختیار کرنے چاہئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رافیل گروسی نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدوار ہونے سے بھی نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

















