دنیا میں ایسی خواتین کی کمی نہیں ہے جو اپنی جسمانی ساخت اور چہرے کے خدوخال کو مزید بہتر بنانے کے لیے کاسمیٹک سرجری کا سہارا لیتی ہیں تاہم ان میں بہت سے سی خواتین اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں ایسا ہی ایک واقعہ چین میں پیش آیا جہاں خاتون کو چہرے کی سرجری کروانا مہنگا پڑگیا۔
چینی میڈیا کے مطابق 24 سالہ متاثرہ خاتون چین کے شہر ووہان میں واقع ووہان یونیورسٹی ڈینٹل اسپتال گئی تھی تاکہ اپنے جبڑے کے صرف 2 ملی میٹر کے معمولی ابھار کو درست کروا سکے۔ لیکن سرجری کے بعد اس کے چہرے میں شدید بگاڑ پیدا ہو گیا جسے درست کرنے کے لیے اب متعدد کاسمیٹک سرجریوں کی ضرورت ہے۔۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے ڈاکٹروں سے صرف 2 ملی میٹر کی معمولی اصلاح کی درخواست کی تھی مگر آپریشن کے دوران اس کا جبڑا الٹا 13 ملی میٹر باہر کی طرف کر دیا گیا جس سے اس کے چہرے کی ساخت نمایاں طور پر بگڑ گئی۔
صورتحال مزید اس وقت خراب ہوئی جب سرجری کے دوران ایک دھاتی سوئی دانت کی جڑ میں جا لگی جبکہ ناک کے اندر موجود نزل سیپٹم بھی ٹیڑھا ہو گیا جس کے باعث خاتون کو ناک سے سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
یہ بھی پڑھیں: انتہائی حقیقت سے قریب چینی روبوٹک سر لوگوں کو خوفزدہ کرنے لگا
ماہرین معاملے کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ جہاں مریضہ کے نچلے جبڑے کو 2 ملی میٹر پیچھے کیا جانا تھا وہاں اس کے برعکس پورا عمل الٹا انجام دیا گیا ہے اور جبڑے کو 13 ملی میٹر سے بھی زیادہ آگے بڑھا دیا گیا۔

دوسری جانب اس سرجری کے ذمہ دار مرکزی سرجن نے دعویٰ کیا کہ اس آپریشن کے بعد خاتون کا چہرہ “پہلے سے زیادہ مغربی طرز کا اور زیادہ اسٹائلش” نظر آنے لگا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اس ناکام کاسمیٹک سرجری پر 55 ہزار امریکی ڈالر سے زائد خرچ کیے تھے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے جبڑے کو دوبارہ درست کرنے میں کم از کم پانچ سال لگ سکتے ہیں اور اس پر 2 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ لاگت آئے گی۔
ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ معاملہ محض ایک طبی غلطی نہیں بلکہ ایک سنگین پیشہ ورانہ کوتاہی معلوم ہوتا ہے، کیونکہ خاتون کے معمولی جبڑے کے مسئلے کو بغیر کسی سرجری کے صرف آرتھوڈانٹک علاج کے ذریعے بھی آسانی سے حل کیا جا سکتا تھا۔
متاثرہ خاتون کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ اسپتال نے سرجری کی پوری رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے تاہم صحت کے متعلقہ حکام نے اس واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ معاملہ جلد قانونی کارروائی کی شکل اختیار کر لے گا۔




















